Jul ۱۸, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۴ Asia/Tehran
  • ایران و پاکستان تجارتی تعلقات کے فروغ کی شاہراہ پر تیزی سے گامزن

پاکستان کے وزیر مملکت برائے توانائی نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے مقصد سے اسلامی جمہوریہ ایران کی جد وجہد کو سراہتے ہوئےمزیدسرحدی منڈیوں کے قیام پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: حالیہ برسوں کے دوران ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی، تجارتی، انرجی، دفاعی اور سرحدی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں قابل توجہ اضافہ ہوا ہے۔

دونوں ممالک نے گزشتہ دو برسوں کے دوران دو نئی سرحدی گزرگاہیں بھی قائم کی ہیں جن کا بنیادی مقصد آپسی تجارت کو آسان بنانا اور تجارت و اقتصاد کے شعبے میں ایک دوسرے کی گنجائشوں اور توانائیوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہے۔

اسی تناظر میں پاکستان کے وزیر مملکت برائے توانائی محمد ہاشم خان نوت زئی اور پاکستان کے کوئٹہ شہر میں تعینات ایران کے کونسلر جنرل حسن درویش وند کی ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں پاکستانی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان مزید سرحدی منڈیوں کے جلد از جلد قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مواصلات اور نقل و حمل کا نظام دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تعاون کے فروغ میں اہم رکن کی حیثیت رکھتا ہے۔

محمد ہاشم خان نوت زئی نے اسی طرح ایران کی جانب سے پاکستان کے لئے بجلی کی برآمدات میں اضافے، پیشین مند سرحدی علاقے میں پہلی باضابطہ منڈی کے قیام اور پاکستان کے صوبے بلوچستان کے تاجروں کے لئے ایرانی قونصلیٹ کی جانب سے فراہم شدہ سہولتوں کی قدردانی کی۔

قابل ذکر ہے کہ اس سال ایران و پاکستان کے مابین تجارتی حجم پہلی بار دو ارب ڈالر کی سطح کو پار کر گیا اور دونوں ملکوں کی مشترکہ کوششوں سے فروغ پاتے تجارتی روابط کو دیکھتے ہوئے امید کی جا رہی ہے کہ مستقل قریب میں یہ حجم پانچ ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔

ٹیگس