Jul ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۸:۲۲ Asia/Tehran
  • ایران و پاکستان کے مابین تجارتی اور اقتصادی لین دین کو فروغ دینے پر تاکید

پاکستان کے مشیر برائے توانائی نے دوطرفہ تعاون کی توسیع میں ایران کے کردار کی قدردانی کرتے ہوئے نئی سرحدی منڈیوں کے قیام کی ضرورت پر زرو دیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے مشیر برائے توانائی محمد ہاشم نوتیزئی نے کوئٹہ میں ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند کے ساتھ ملاقات میں ایران اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور خاص طور سے سرحدی صوبوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی لین دین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی غرض سے اسلامی جمہوریہ ایران کی کوششوں کو سراہتے ہوئے سرحدی منڈیوں کی تعمیر کا کام تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

محمد ہاشم نوتیزئی نے پولان - گبد منصوبے کے تحت پاکستان کو ایران سے بجلی کی برآمدات میں اضافے اور پشین، مند سرحدی علاقے میں دونوں ممالک کی پہلی بارڈر مارکیٹ کے باضابطہ افتتاح کے ساتھ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کی غرض سے ایران کی کوششوں کو سراہا۔

پاکستان کے مشیر توانائی نے دونوں ممالک کے درمیان دیگر سرحدی منڈیوں کی تعمیر کا عمل  تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے ریل روڈ رابطوں کو توسیع دینا ہوگی۔ 

انہوں نے کوئٹہ میں ایران کے قونصل جنرل کی جانب سے بلوچستان کے تاجروں اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سفری  سہولیات اور خدمات کو بھی سراہا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایران اورپاکستان کے درمیان 2 سرحدی منڈیوں، پشین- مند اور ریمدان- گبد نے کام شروع کر دیا ہے۔ جبکہ ایسے مزید 4 منڈیوں کی تعمیر دونوں ممالک کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

تقریبا 2 ماہ قبل پاکستانی اور ایرانی سرحد پرمنعقدہ خصوصی تقریب میں صدرایران سید ابراہیم رئیسی اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی اور دونوں ملکوں کے درمیان قائم ہونے والے پہلے سرحدی بازار کا باضابطہ افتتاح کیا تھا۔

 اس سال پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت کا حجم پہلی بار 2 ارب ڈالر سے زیادہ ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے اعلی حکام کو توقع ہے کہ مزید تجارتی لین دین کے ذریعے تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔

ٹیگس