Aug ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کے تعلقات میں نئے باب کا اضافہ: پاکستانی آرمی چیف

پاکستان کے آرمی چیف نے ایران کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کو تمام شعبوں میں رو بہ فروغ قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں یوم آزادی کی مناسبت سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات پر زور دیا، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تاریخی تعلقات میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔
پاکستان کے آرمی چیف نے علاقائی اور عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں اور بڑی طاقتوں کی آپسی رسہ کشی اور اس کے دیگر ممالک من جملہ پاکستان پر پڑنے والے اثرات کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے دوستوں اور شریک ممالک کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کا بھرپور طریقے سے پابند ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ مہینے پاکستان کے آرمی چیف نے ایران کا دورہ کیا تھا جبکہ اس سے دو ماہ قبل مئی کے مہینے میں ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اور پاکستان کے سابق وزیراعظم شہباز شریف کے مابین سرحد پر ملاقات اور گفتگو ہوئی تھی۔

ٹیگس