Aug ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۹ Asia/Tehran
  • الیکشن میں تاخیر تشویش اور مایوس کن ہے: پیپلز پارٹی

پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مقرر وقت پر انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر کا اعلان تشویش اور مایوسی کا باعث ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے پیپلز پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے فیصلے اور جاری کردہ شیڈول پر سنجیدگی سے نظر ثانی کرے، اسمبلیوں کی جلد تحلیل کرنے کا مقصد الیکشن کمیشن کو تیاریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ وقت فراہم کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں نئی ​​مردم شماری کے تحت انتخابات کی توثیق کی تھی، اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ موجودہ نشستیں تبدیل نہیں ہوں گی۔
ڈیجیٹل مردم شماری پر جائز تحفظات کے باوجود، ہم نے نئی مردم شماری کی بنیاد پر عام انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کی چونکہ موجودہ قومی اور صوبائی نشستوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، اس لیے حلقہ بندیوں کا عمل تیزی سے مکمل کیا جائے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ  کیا کہ آئین کے آرٹیکل 224 کے مطابق انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔
اسی ضمن میں نثار کھوڑو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اسمبلیاں اس لئے تحلیل نہیں کیں کہ نگراں حکومت آئے بلکہ ہم نے دو دن پہلے اسمبلی اس لیے تحلیل کی تھی تاکہ 90 روز میں انتخابات ہوسکیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ نئی مردم شماری کے تحت انتخابات 90 دن کے اندر نہیں ہوسکتے۔

ٹیگس