Aug ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۹:۵۴ Asia/Tehran
  • شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین دن کی توسیع

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین دن کی توسیع کردی گئي ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق آفیشل سیکریٹ کے تحت قائم ہونے والی خصوصی عدالت نے سائفرگم شدگی معاملے میں پی ٹی آئي کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین دن کی توسیع کردی ہے - اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج نے شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفرکیس کی بند کمرے میں سماعت کی اور ایف آئي اے نے اسی سلسلے میں انہيں آج عدالت میں پیش کیا تھا۔ عدالت کے روبرو شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت کے وزیراعظم کو سائفر سے متعلق بتادیا تھا، سائفر کی چوری نہيں کی تھی۔ اس موقع پر اسپیشل پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر جلسے میں لہرایا تھا۔  

پراسیکیوٹر نے اس موقع پر شاہ محمود قریشی کے مزید نو دن کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کچھ دیر کے لئے فیصلہ محفوظ کرلیا اور پھر فیصلہ سناتے ہوئے ان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین دن کی توسیع کردی نیز انہیں ایف آئي اے کی تحویل میں دے دیا۔ بعد ازاں ایف آئي اے کی ٹیم شاہ محمود قریشی کو لے کر روانہ ہوگئی۔

ٹیگس