Sep ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۲ Asia/Tehran
  • پاکستان: نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان

سابق وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان کردیا گيا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا نے مسلم لیگ نون کے ذرائع کے حوالے سے خبردی ہے کہ نوازشریف پندرہ اکتوبر کو لندن سے واپس پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے۔ نوازشریف پندرہ اکتوبر چارٹرڈ کے بجائے مسافر طیارے کے ذریعے پاکستان آئیں گے. اطلاعات کے مطابق نواز شریف لندن سے پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے اور لاہور پہنچیں گے۔

خبروں میں بتایا گيا ہے کہ نوازشریف کی بیٹی اور مسلم لیگ نون کی چیف آرگنائزر مریم نواز نوازشریف کے استقبال کے لئے تیاریوں میں مصروف ہيں۔ مسلم لیگ نون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے مرکزی قیادت کو استقبال کے لئے کام سونپ دیا ہے اور کوشش ہورہی ہے کہ استقبالیہ جلسے میں زیادہ سے زیادہ لوگ پہنچيں۔

نوازشریف پچھلے کئی برس سے لندن میں مقیم ہيں اور اب جبکہ پاکستان میں عام انتخابات ہونے والے ہیں تو وہ پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کے لئے واپس پاکستان لوٹ رہے ہيں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف اس وقت علاج کے بہانے پاکستان سے لندن چلے گئے تھے جب ان کو اپنے ملک میں بعض مقدمات کا سامنا تھا۔

 

ٹیگس