Sep ۲۸, ۲۰۲۳ ۱۷:۱۰ Asia/Tehran
  • پاکستان کے نگراں وزیر خارجہ کا اسرائیل سے متعلق اہم بیان

پاکستان کے نگراں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے بارے میں پاکستان کی پوزیشن کل بھی وہی تھی آج بھی وہی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کےنگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ فلسطینیوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے، اسرائیل اور فلسطین کے بارے میں پاکستان کی پوزیشن کل بھی وہی تھی آج بھی وہی ہے۔

 پریس کانفرنس میں نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، کسی بھی فیصلے میں قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہیں، القدس فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر متعدد کانفرنسز میں شرکت کی اور مختلف کانفرنسز سے خطاب بھی کیا۔

انہوں نے بتایا کہ نگران وزیراعظم نے دورہ امریکہ کے دوران ایران کے صدر، ازبکستان کے صدر اور چین کے نائب صدر سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں، انہوں نے بل گیٹس سمیت مختلف رہنماؤں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر سمیت مختلف اجلاسوں میں شرکت کی، او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر نے واضح الفاظ میں کشمیری بھائیوں کی حمایت کا اعلان کیا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کیا گیا۔

ٹیگس