مستونگ: مسجد کے قریب خودکش دھماکے میں 52 افراد جاں بحق 60 زخمی
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں مسجد کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں ڈی ایس پی مستونگ سمیت 52 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: ایس ایچ او مستونگ سٹی جاوید لہڑی کے مطابق خود کش دھماکا الفلاح روڈ پر ہوا، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ مستونگ خودکش دھماکے میں 52 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں ڈی ایس پی مستونگ بھی شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مستونگ خودکش دھماکے کے زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جنہیں ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا بتانا ہے کہ مستونگ میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا۔
نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے مسونگ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بہادر اور نڈر ہیں بزدلانہ حملے انہیں مرعوب نہیں کر سکتے، اہل بلوچستان نے ہمیشہ بے امنی کے داعی ان عناصر کو اپنے جزبے سے شکست دی۔
نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ مستونگ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔