Oct ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۲ Asia/Tehran
  • پاکستان کا فلسطین پر مؤقف تبدیل نہیں ہوا، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے صیہونی مظالم کے شکار فلسطینیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین میں غیر مشروط جنگ بندی چاہتا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ فلسطین کی صورتحال پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے، پاکستان فلسطینی بھائیوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ ہمیں غزہ میں سات ہزار سے زائد فلسطینیوں کی شہادت پر افسوس ہے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان غزہ پرغاصب اسرائیل کی بمباری کی مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا فلسطین پر مؤقف تبدیل نہیں ہوا اور پاکستان فلسطین میں غیر مشروط جنگ بندی چاہتا ہے، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، محاصرے کے باعث غزہ کے شہریوں کے لیے خوراک، پانی اور دواؤں کی شدید قلت ہے، پاکستان اس فلسطینی ریاست کی حمایت کرتا ہےجس کا دارالخلافہ القدس الشریف ہے، پاکستان کا مطالبہ ہے کہ امدادی کارکنان پر بمباری روک کر اس میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے۔

ٹیگس