پاکستان: سیکیورٹی فورسز پر حملوں کی نئی لہر، خوفناک دھماکوں میں 27 افراد جاں بحق و زخمی
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے شہر ڈی آئی خان میں پولیس پر حملوں اور یکے بعد دیگرے مختلف مقامات پر 2 دھماکوں میں 27 افراد جاں بحق اورپولیس اہل کاروں سمیت 21 افراد زخمی ہو گئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: دہشت گردی کے پہلے واقعے میں ٹانک اڈا پرایلیٹ فورس کی نفری لے جانے والی گاڑی کو نامعلوم افراد کی طرف سے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 21 افراد جن میں پولیس اہلکار اور شہری شامل ہیں، زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 2 خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے۔ دھماکے کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں ڈگری کالج کی طا لبات بھی زخمی ہوئی ہیں۔
لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تو اس موقع پر نامعلوم افراد کی جانب سے اسپتال میں موجود پولیس اہل کاروں پر بھی فائرنگ کی گئی۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کا آپریشن شروع کردیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں موٹرسائیکل کا استعمال کیا گیا ، جس میں دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا تھا ۔
ڈی آئی خان میں دہشت گردی کا دوسرا واقعہ ہتھالہ پولیس اسٹیشن کے قریب ہوا، جہاں بم دھماکے میں ایک جوان جاں بحق ہوگیا۔
دھماکا آرمی اور پولیس کی مشترکہ پارٹی پر ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بارودی مواد سڑک کنارے نصب تھا، جس سے دھماکا کرنے کے لیے ریموٹ کنٹرول کا استعمال کیا گیا۔ دھماکے کے بعد حملہ آوروں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
دریں اثنا خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت نے ڈیرہ اسماعیل خان دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم لوگوں کی جان لینا بزدلانہ اور وحشیانہ عمل ہے۔