فلسطینیوں کی حمایت میں پاکستانی عوام سڑکوں پر
فلسطینیوں کی حمایت میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے جن کے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم تھے امریکہ اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
سحر نیوز/ پاکستان: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام غزہ کے مظلوموں کی حمایت میں آپبارہ چوک اسلام آباد سے ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کی۔ ریلی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت کارکنوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے نہتے عوام پر ہونیوالے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کیا۔
اسی طرح آج پاکستان کے شہر فیصل آباد میں بھی خواتین نے قدس ریلی نکالی جس کا مقصد غزہ کے مظلوم بچوں اور خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھا۔
ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ ریلی کے شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔