بیرسٹر گوہر خان پی ٹی آئی کے نئے سربراہ منتخب، کیا مائنس ون فارمولے پرعمل ہو گیا؟
عمران خان چیئرمین پی ٹی آئی نہیں رہے، بیرسٹر گوہر نئے سربراہ منتخب ہو گئے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: انٹرا پارٹی انتخابات کے چیف الیکشن کمشنر نیازی اللہ نیازی نے پشاور میں رانڑو گڑھی پولنگ سنٹر سے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔
بیرسٹر گوہر خان پارٹی چئیرمین، عمر ایوب جنرل سیکرٹری ، علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر، منیر احمد بلوچ بلوچستان کے صدر، علیم عادل شیخ سندھ کے صدر، یاسمین راشد پنجاب کی صدر، علی اصغر صوبائی جنرل سیکرٹری، تیمور سلیم جھگڑا سینئیر نائب صدر ، عاطف خان پشاور ریجن کے صدر منتخب ہوگئے۔
نو منتخب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ ہمارے خلاف 180 کیسز بنائے گئے ہیں، عدلیہ سے بھی وہ ریلیف نہیں مل رہا جو ملنا چاہیے تھا، چیف جسٹس آف پاکستان اپنی گاڑیاں واپس نہ کریں ہمیں انصاف دیں۔
ایک بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی ایک جدوجہد کی وجہ سے جیل میں ہیں، میرا پینل سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا منتخب کردہ پینل تھا، ہماری آدھی سے زیادہ لیڈر شیپ جیلوں میں ہے، پی ٹی آئی کسی کے ساتھ جھگڑا نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اہم ذمے داری سونپنے پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا شکر گزار ہوں، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا جو فیصلہ ہو گا اسی پر عملدر آمد کریں گے۔
گوہر خان کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے میرا انتخاب کر کے موروثی سیاست نہ کرنے کا ثبوت دیا، الیکشن کی تیاریاں مکمل ہیں، الیکشن کا انتظار ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عمران خان پر پارٹی کی قیادت چھوڑنے پر سخت دباو کی خبریں سامنے آئی تھیں تاہم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ کسی قیمت پر بھی پارٹی کی قیادت سے علیحدہ نہیں ہوں گے اور پی ٹی آئی کے اعلی رہنماوں اور کارکنوں کا بھی یہ کہنا تھا کہ عمران خان کے بغیر تحریک انصاف قبول نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 23 نومبر کو الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو اپنے انتخابی نشان کے طور پر بلے کو برقرار رکھنے کے لیے 20 دن کے اندر اندر پارٹی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔
29 نومبر کو پی ٹی آئی نے اعلان کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن 2 دسمبر کو کرائے جائیں گے۔
اس کے ساتھ ہی پی ٹی آئی نے اعلان کیا تھا کہ عمران خان قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے اور گوہر ان کی جگہ چیئرمین کا الیکشن لڑیں گے۔
گزشتہ روز یکم دسمبر کو بیرسٹر گوہر علی خان نے پارٹی چیئرمین کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے تھے۔