سیاحت کے میدان میں ایران و پاکستان کے بڑھتے قدم، مشہد کراچی براہ راست پرواز کا آغاز
مشہد مقدس اور کراچی کے درمیان براہ راست پرواز کا آغاز ہو گیا ہے اور ایران کی تابان ایئر لائن کی پہلی پرواز منگل کی رات کراچی کے جناح ایئر پورٹ پر اتری اور اس طرح سے ایران و پاکستان کے درمیان سیاحت میں فروغ کے شعبے میں ایک اور اہم قدم اٹھا لیا گيا۔
سحرنیوز/ پاکستان: منگل کی رات تابان ایئر لائن کا ایک ایئر بس 320 طیارہ 90 مسافروں کے ساتھ کراچی میں اترا اور واپسی میں اس پرواز سے 103 لوگ مشہد مقدس آئے۔
اس پرواز کی اہم بات یہ تھی کہ پاکستان کے صوبہ سندھ کے گورنر محمد کامران خان ٹیسوری نے اپنے ایران دورے کا آغاز تابان ایئر کی اسی پرواز سے کیا۔
ایران میں وہ خراسان رضوی اور سیستان و بلوچستان کے ساتھ سندھ کے تعاون پر اسلامی جمہوریہ ایران کے عہدیداروں سے مذاکرات کریں گے۔
کراچی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان پاکستانی وفد کے ہمراہ ایران آئے ہيں۔
اس سے پہلے ایران کی تابان ایئر لائن کی " مشہد کراچی" پرواز کے آغاز پر منگل کی رات ایک خاص تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان اور سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری اور دیگر کئی پاکستانی حکام نے شرکت کی۔ یہ تقریب کراچی کے جناح بین الاقوامی ایئرپورٹ میں منعقد ہوئی ۔
پاکستان میں تابان ايئر لائن کے نمائندے عابد بٹ نے ارنا سے گفتگو میں بتایا: یہ پرواز ہفتے میں ایک دن منگل کے روز ہوگي۔
انہوں نے مشہد کراچی پرواز کے آغاز کے لئے کراچی ميں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پڑوسی ملکوں کے دو اہم شہروں کے درمیان پرواز سیاحتی و تجارتی سرگرمیوں میں اہم تعاون ہے ۔
واضح رہے مشہد کراچی پرواز کے آغاز کے بعد اب ایران و پاکستان کے درمیان براہ راست پروازوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔
ایران ایئر کی تہران کراچی ، تابان ایئر کی مشہد لاہور اور ماہان ایئر کی تہران لاہور پرواز پہلے سے دونوں ملکوں کے سیاحوں اور زائروں کے لئے موجود تھے ۔