پاکستان کے سابق وزیر خزانہ سرتاج عزیز کا انتقال
پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما سرتاج عزیز انتقال ہوگیا ہے۔
سحرنیوز/ پاکستان: اسلام آباد سے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے بزرگ سیاست داں، سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما سرتاج عزیز منگل کو 94 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ پاکستان کے سابق وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک پیغام کے ذریعہ سرتاج عزیز کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے اپنے پیغام میں تحریر کیا کہ سرتاج عزیز تحریک پاکستان میں شامل اہم شخصیات میں سے ایک اور قوم کا عظیم اثاثہ تھے اور یہ کہ قوم کے لیے سرتاج عزیز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ سرتاج عزیز نواز شریف کے ابتدائی تین ادوار حکومت میں وزیر خزانہ رہے۔ سرتاج عزیز جون 2013 سے اکتوبر 2015 تک نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر بھی رہے جبکہ دو مرتبہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے خارجہ امور بھی رہے۔
صدر پاکستان عارف علوی نے سابق وزیر خزانہ سرتاج عزیز کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ایک بیان میں صدر مملکت نے سرتاج عزیز کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لئے مغفرت اور ورثا کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔