Jan ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۵ Asia/Tehran
  • عمران خان کی مشکلات میں اضافہ

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں راولپنڈی پولیس نے گرفتاری ڈال دی اور توشہ خانہ کیس میں ان پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔

سحر نیوز/ پاکستان: انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف نو مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی۔

بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا اور تمام بارہ مقدمات کے ایس ایچ اوز ریکارڈ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، تھانہ آر اے بازار پولیس نے عدالت کو بانی پی ٹی آئی کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتاری سے متعلق آگاہ کیا۔

دوران سماعت تھانہ آر اے بازار پولیس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پرعدالت نے پولیس کو بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ہی تفتیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

دوسری جانب عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کر دی گئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل کورٹ روم میں سماعت کی۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا جبکہ استغاثہ کے  12 گواہان طلب کر لیے گئے۔

بانی پی ٹی ائی کی توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ ریفرنسسز میں درخواست ضمانت پر دلائل مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔

بشریٰ بی بی نے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی نقول بھی وصول کرلیں۔ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

نیب ریفرنس کے مطابق وزارت عظمیٰ کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو مختلف سربراہان مملکت کی جانب سے 108 تحائف ملے جن میں سے 58 تحائف ملزمان نے رکھ لیے۔ گزشتہ سال یکم اگست کوچیئرمین نیب نے توشہ خانہ ریفرنس پر تحقیقات شروع کرنے کے احکامات دیے اور پھر ڈی جی نیب نے گزشتہ سال 5 اگست کو شروع کیں۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت توشہ خانہ اور ایک سو نوے ملین پاؤنڈز ریفرنسز میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

ٹیگس