ڈیرہ اسمٰعیل خان : پولیس گاڑی پر بم دھماکہ 5 اہلکار جاں بحق 4 زخمی
پاکستان صوبے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں عام انتخابات کے لیے سکیورٹی پر تعینات پولیس کی گاڑی پر بم حملے میں 5 اہلکار جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔
سحر نیوز/ پاکستان : میڈیا ذرائع نے پولیس کے حوالے سے خبر دی ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے دھماکے کے بعد فائرنگ کی گئی جس میں 5 پولیس اہلکارجاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
دہشت گردی کا یہ واقعہ ڈیرہ اسمٰعیل خان کے تھانہ کلاچی کی حدود میں پیش آیا ہے۔ واقعے کے بعد جاں بحق پولیس اہلکاروں کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کی ناکابندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
اس واقعے کے بعد پولیس لائن سے بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس حکام بھی جائے وقوعہ پہنچ گئے۔
حملے کا نشانہ بننے والی پولیس موبائل گرہ اسلم پولنگ اسٹیشن کی سکیورٹی پر تعینات تھی جس میں سب انسپکٹر خانزادہ اور دیگر اہل کار سوار تھے۔
قابل ذکر ہے کہ حکومت کی جانب سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کردی گئی۔
واضح رہے کہ پانچ فروری پیر کو بھی پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں تھانہ چودہوان پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا جس میں 10 پولیس اہلکار جاں بحق اور 6 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔