پاکستان کے عام انتخابات میں بعض حلقوں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع
پاکستان بھر میں آج عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، انتخابی میدان میں پنجہ آزمائی کے لیے تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے امیدوار میدان میں ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان : میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق‘ پاکستانی سیاست کے بڑے بڑے نام بھی انتخابات میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں، پاکستان کے انتخابی میدان میں ہونے والے چند اہم مقابلوں پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
سب سے بڑا مقابلہ پاکستان کے صوبے پنجاب کے صدر مقام لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 میں ہے جہاں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف بطور امیدوار میدان میں ہیں جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد ہیں۔
پاکستان کےصوبہ سندھ کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 194 لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار راشد محمود سومرو کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، جبکہ قومی اسمبلی کے این اے 196 قمبر، شہدادکوٹ کی نشست پر بلاول بھٹو کا مقابلہ راشد محمود سومرو کے بھائی ناصر محمود سومرو سے ہے۔
قومی اسمبلی کے این اے 207 شہید بےنظیرآباد کی نشست پر سابق صدر آصف علی زرداری کا مقابلہ آزاد امیدوار سردار شیر محمد رند سے ہے۔
قومی اسمبلی کے این اے 127 لاہور میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عطا تارڑ سے ہے۔
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 144 ڈیرہ اسمعٰیل خان میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، آزاد امیدوار علی امین گنڈا پور اور پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی جیسے بڑے امیدوار مدمقابل ہیں۔
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 پشین کی نشست پر جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا مقابلہ سابق گورنر بلوچستان ظہور آغا سے ہے۔
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 10 میں آزاد امیدوار بیرسٹر گوہر علی خان اور جماعت اسلامی کے بخت جہان خان کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
قومی اسمبلی کے این اے 123 لاہور کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ مدمقابل ہیں۔
قومی اسمبلی کے این اے 119 لاہور میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، آزاد امیدوار شہزاد فاروق اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے محمد ظہیر آمنے سامنے ہیں۔
ملتان کا سب سے بڑا انتخابی مقابلہ این اے 149 ہے جہاں استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین اور آزاد امیدوار ملک محمد عامر ڈوگر مدمقابل ہیں۔
ملتان میں این اے 151 کی نشست پر شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہربانو قریشی اور یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے موسیٰ گیلانی آمنے سامنے ہیں۔
قومی اسمبلی کے این اے 241 کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) کے ڈاکٹر فاروق ستار، آزاد امیدوار خرم شیر زمان، پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ اور جماعت اسلامی کے نوید علی بیگ کے درمیان جیت کے حصول کی جنگ ہے۔
این اے 246 میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن اور ایم کیو ایم-پاکستان کے امین الحق آمنے سامنے ہوں گے۔