Feb ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۹:۵۱ Asia/Tehran
  • پاکستان: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے جیتنے والی جماعتوں کو مل کر حکومت بنانے کی پیش کش

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے جیتنے والی تمام جماعتوں کو مل کر حکومت بنانے کی پیش کش کی ہے۔

سحرنیوز/ پاکستان: میڈیا ذرائع کے مطابق لاہور میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ ہم، سب جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لئے آؤ ہمارے ساتھ بیٹھو۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مشکلات سے باہر نکالنے کے لئے تمام ادارے مثبت کردار نبھائیں، سیاست داں، پارلیمنٹ، پاکستانی افواج اور میڈیا، سب مل کر مثبت کردار ادا کریں۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ اس ملک میں ایک روشن تبدیلی آنی چاہئے، مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے، ملک کو بھنور سے نکالنے کی تدبیر کرنی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کو مینڈیٹ دیا ہے کہ آج ہی سیاسی رہنماؤں سے ملیں، یہ آصف زرداری، فضل الرحمان اور خالد مقبول صدیقی سے ملیں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ ملک میں استحکام کے لئے کم از کم دس سال درکار ہیں، روشنیاں پھر لوٹ آئیں گی اور بدامنی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔

 

ٹیگس