Feb ۱۱, ۲۰۲۴ ۰۷:۳۳ Asia/Tehran
  • پاکستان کے انتخابی نتائج میں مبینہ ردوبدل پر سیاسی جماعتوں کا احتجاج

پاکستان کےعام انتخابات کے نتائج میں مبینہ ردوبدل پر سیاسی جماعتوں نے احتجاج کیا ہے-

سحرنیوز/ پاکستان: پنجاب میں چکوال، تلہ گنگ اور اٹک، خیبر پختون خوا میں پشاور اور باجوڑ میں آر او آفس کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کیا۔

چمن میں نتائج میں تاخیر پر احتجاج جاری ہے، تربت میں نیشنل پارٹی اور کوئٹہ میں پی کے میپ کے کارکنوں نے صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر  دھرنا دیا۔ سکھر میں جے یو آئی ف نے راشد محمود سومرو کی قیادت میں احتجاج کیا۔

کراچی میں جماعت اسلامی، پی ٹی آئی اور ٹی ایل پی نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو ملک میں عوامی مینڈیٹ کی توہین کی گئی، یہ الیکشن کروانا نہیں چاہتے تھے اس لیے موبائل سروسز بند کردیں لیکن اس کے باوجود پاکستان کے عوام اپنی رائے دینے کے لئے گھروں سے باہر نکلے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کے گملوں میں پلنے والوں کو شہر میں پھر سے زندہ کیا جارہا ہے لیکن الیکشن کمیشن کی یہ دہشت گردی نہیں چلے گی اور شہر میں بھتہ خوروں کا تسلط کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

اسی طرح نمائش چورنگی پر تحریک لبیک کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا اور مظاہرین نے انتخابی نتائج میں مبینہ تبدیلی کے خلاف نعرے بازی کی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔

تحریک لبیک نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے ان کے ایک درجن سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

ٹیگس