پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس (ویڈیو)
اسلام آبادمیں پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ اجلاس میں عام انتخابات اور اس کے حوالے سے عوام کے ردعمل پر بات چیت ہوئی۔
پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں عام انتخابات کے بعد ملک کے مستقبل کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، اجلاس میں مسلم لیگ ن کی تجاویز پر مشاورت، حکومت سازی کی تجاویز پر غور، ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعض ارکان نے تجویز دی کہ وفاق میں ن لیگ کو ووٹ ضرور دیں لیکن اپوزیشن بینچوں پر بیٹھیں، بعض نے بلوچستان اور پنجاب میں مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کی بھی تجویز دی، دریں اثنا اجلاس کے اختتام پر کوئی بھی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا، مشاورت کا سلسلہ آج منگل کو بھی جاری رہے گا۔
اجلاس کے بعد شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کوئی حتمی فیصلے نہیں ہوئے، سیاسی جماعتوں سے رابطے اور مذاکرات جاری رہیں گے۔