Feb ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
  • پاکستان میں عام انتخابات میں دھاندلی کا معاملہ پھر گرمایا، پی ٹی آئی کا براہ راست حملہ

پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کرکے جمہوریت پر حملہ کیا گیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ انتخابات میں ہماری 179 نشستیں ہونی چاہئیں تھیں 85 نشستیں چھینی گئیں، ہمارے مسترد ووٹس کی تعداد وکٹری ووٹس سے زیادہ ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 2024 کے انتخابات، پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ دھاندلی شدہ انتخابات تھے۔

پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن، سیمابیہ طاہر، شیر افضل مروت، شاندانہ گلزار، ریحانہ ڈار، سلمان اکرم راجا اور دیگر رہنما و امیدوار بھی موجود تھے۔

اس پریس کانفرنس میں وہ رہنما اور امیدوار بھی تھے جنہوں ںے اپنی اپنی کامیابیوں کو الیکشن کمیشن یا عدالتوں میں چیلنج کر رکھا ہے۔

تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا کہ انتخابات میں ہماری 179 نشستیں ہونی چاہئیں تھیں ہم سے 85 نشستیں چھینی گئیں، 46 نشستوں کا ڈیٹا ہمارے پاس موجود ہے اور بقیہ نشستوں کا ڈیٹا بھی ہم 24 گھنٹوں میں مکمل کرلیں گے، ہمارے مسترد کیے گئے ووٹس کی تعداد وکٹری ووٹس سے بھی زیادہ ہے، 2024ء پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ دھاندلی شدہ انتخابات تھے۔

رہنما شاندانہ گلزار نے کہا کہ اس الیکشن میں 1.25 ملین ووٹ ہمیں صرف کراچی سے ملے، کراچی میں اتنی نشستیں ہونے کے باوجود ہماری کوئی کامیابی نہیں ہے، قومی اسمبلی میں دن تین بجے تک ہماری 154 نشستیں تھیں، کے پے سے ہم 42 سیٹ پر کامیاب ہوئے لیکن الیکشن کمیشن نے صرف 32 امیدواروں کو کامیاب کیا۔

سینئر مرکزی رہنما سلمان اکرام راجہ نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن میں لے کر آر او آفس آنے تک دھاندلی کی مثال بنائی گئی۔  آٹھ فروری کو جو عوام نے ووٹ دیا تھا رات کے اندھیرے میں انہیں تبدیل کر دیا گیا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ الیکشن سے قبل بھی تمام سیکیورٹی کو استعمال کیا گیا، الیکشن کے لئے آزاد امید واروں کو کوئی مہم چلانے نہیں دی گئی، الیکشن سے قبل پارٹی کا نشان لے کے عوام کو مزید مشکل میں ڈال دیا گیا، عوام نے اس کے باوجود تمام امید واروں کے نشان یاد رکھیے اور ووٹ کاسٹ کیا۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ یہ انتخابات جمہوریت پر کھلا حملہ تھے، پاکستانی عوام کی ایک بہت بڑی تعداد نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا مگر اسے ہرادیا گیا۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ میڈیا سے شکوہ ہے کہ جو کراچی میں فراڈ ہوا ایسا لگتا ہے وہاں کچھ ہوا ہی نہیں اس پر آواز نہیں اٹھائی۔ خرم شیر زمان نے مخالف امیدواروں کو دھاندلی کے خلاف قرآن شریف پر حلف کا چیلنج کر دیا۔

ٹیگس