Feb ۲۹, ۲۰۲۴ ۰۷:۱۰ Asia/Tehran
  • صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر لیا

پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے نگراں وزیر اعظم کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر لیا۔

سحرنیوز/ پاکستان: موصولہ خبروں کے مطابق پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ مکمل نہ ہونے کے باعث سمری پر فیصلہ روک رکھا تھا تاہم اب صدر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس بلائے جانے کے بعد سمری کی منظوری دے دی ہے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے اس حوالے سے صدر نے قومی اسمبلی اجلاس طلب کرنے کی سمری پر دستخط کر دیئے ہیں- قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نو منتخب ارکان اسمبلی حلف لیں گے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن کاشیڈول تبدیل کر دیا۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذاتِ نامزدگی آج دن 12 بجے سے پہلے جمع کرائے جائیں گے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا مزید کہنا ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن کل (جمعہ یکم مارچ کو) ہو گا۔ اس سے قبل اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذاتِ نامزدگی یکم مارچ کو جمع ہونے تھے جبکہ انتخاب 2 مارچ کو ہونا تھا۔

دوسری جانب اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے اجلاس 10 بجے طلب کیا ہے، جس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہو گا۔

اسپیکر کے لیے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بابر سلیم سواتی اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے امیدوار ثریا بی بی ہیں۔

اپوزیشن کے اسپیکر کے لیے امیدوار پیپلز پارٹی کے احسان اللّٰہ میاں خیل ہیں جبکہ اپوزیشن کے ڈپٹی اسپیکر کے لیے امیدوار پی ٹی آئی پی کے ارباب وسیم ہیں۔

ٹیگس