Mar ۰۴, ۲۰۲۴ ۱۵:۲۹ Asia/Tehran
  • شہبازشریف نے 24 ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا

پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں ان سے عہدے کا حلف لیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جس میں نگراں وزیراعظم، چئیرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، آصف زرداری، چاروں گورنرز، وزرائے اعلیٰ سمیت اعلیٰ عسکری و سول قیادت موجود تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد صدر پاکستان نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف سے حلف لیا، شہباز شریف نے عارف علوی کے کہے گئے الفاظ دہرائے اور مملکت کے لیے بلا عناد و تفریق کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز (3 مارچ کو) قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔

انتخابی عمل میں شہباز شریف نے 201 جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے تھے۔

ٹیگس