Mar ۰۴, ۲۰۲۴ ۱۶:۱۸ Asia/Tehran
  • پی ٹی آئی کو بڑا جھٹکا لگ گیا، مخصوص نشستوں سے متعلق سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں کا معاملے پر سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد کردی۔

سحر نیوز/ پاکستان: الیکشن 2024ء میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف کے آزاد امیدواروں کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے بعد مخصوص نشستوں کا معاملہ سامنے آیا تھا۔

سنی اتحاد کونسل کی درخواست پرای سی پی نے فیصلہ سنادیا اور کہا کہ وہ خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے کوٹے کی مستحق نہیں ہے۔

الیکشن کمیشن نے 1-4 کے تناسب سے فیصلہ جاری کیا ہے، ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اختلافی نوٹ لکھا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینے کے فیصلے کو عدالت میں چلینج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹرعلی ظفر نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو فیصلہ آیا ہے وہ جمہوریت کی پیٹھ میں آخری خنجر ہے، آرٹیکل 106 ہر صوبائی اسمبلی سائز دیتا ہے، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کاکام سینیٹرز ،صدر، وزیراعظم اور صدر کا انتخاب کرنا ہوتا ہے اور نامکمل اسمبلیاں ان انتخابات کو مکمل نہیں کرسکتیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 51 میں بھی مخصوص نشستوں کا ذکر ہے، کامیابی کے تناسب کے حساب سے ہمیں قومی اسمبلی میں 29 نشستیں ملنی تھیں ۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے غیر آئینی فیصلے تحت ہمیں انتخابی نشان سے محروم رکھا جبکہ الیکشن کمیشن نے آج مخصوص نشستیں آلاٹ نہ کرنے کا فیصلہ دے کر جمہوریت کی پیٹ پر خنجر گھونپا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد صدارتی اورسینیٹ الیکشن کو ملتوی کیا جائے کیونکہ ہمیں مخصوص نشستوں سے محروم کیا گیا ہے، ہم اس پر سپریم کورٹ جائیں گے جہاں سے یہ غیر قانونی اقدام واپس ہوجائے گا اور پھر وزیراعظم، صدارتی انتخاب و سینیٹ الیکشن دوبارہ کروانا پڑیں گے۔

ٹیگس