Mar ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۷:۴۰ Asia/Tehran
  • تحریک انصاف کا انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج، متعدد رہنما اور اراکین اسمبلی گرفتار

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف سازش کی گئی، ایک دن تمام سازشیں بے نقاب ہوں گی۔

سحر نیوز/ پاکستان: تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجہ کو پولیس نے لاہور میں احتجاج کے دوران گرفتار کر لیا ۔ گرفتاری کے وقت لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ میں اس وقت پولیس کی حراست میں ہوں۔

تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ کو بھی پولیس نے اچھرہ سے گرفتار کر لیا ہے۔ اسی طرح تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے 3 اراکین پنجاب اسمبلی کو کارکنوں سمیت گرفتار کر لیا ۔ جن اراکین اسمبلی کو گرفتار کیا گیا ان میں بیرسٹر طیب راشد سندھو، اویس عمر ورک اور سرفراز احمد ڈوگر شامل ہیں۔

پولیس نے مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے آٹھ کارکنوں کو لاہور کے جی پی او چوک سے گرفتار کیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان سے سائفر کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر بار بار آئین توڑ رہے ہیں مگر کسی کو پرواہ نہیں، آئین توڑنے کے مرتکب افراد کو آرٹیکل 6 کے مطابق سزا دی جائے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کونسل نے مانا سائفر کا معاملہ مداخلت تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے ڈی کلاسیفائیڈ ہونے کے بعد سائفر خفیہ نہیں رہا۔ ہمارے خلاف سازش کی گئی، ایک دن تمام سازشیں بے نقاب ہوں گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ہماری مخصوص نشستیں کسی اور کو دینا غیرآئینی و غیرقانونی ہے۔ جب تک ہماری سیٹیں ہمیں نہیں دی جاتیں احتجاج جاری رہے گا۔

پشاور کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے دعوی کیا کہ یہاں کا موسم بدلنے والا ہے، جلد کپتان آنے والا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے قوم کو اور قوم نے بانی پی ٹی آئی کو مایوس نہیں کیا، پی ٹی آئی نے کے پی میں ہیٹرک کی۔

فیصل جاوید نے مطالبہ کیا کہ تمام پی ٹی آئی لیڈرز کو رہا کیا جائے، عوامی مینڈیٹ کو بحال کیا جائے، قوم نے فارم 47 کی حکومت کو مسترد کر دیا۔

ٹیگس