Mar ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۰:۴۲ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کی نسل کشی روکے جانے پر زور، پاکستان کے صدر آصف علی زرداری

صدر پاکستان نے غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار ہمدردری کرتے ہوئے عالم اسلام کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی قوم کی مدد کرنے اور غاصب اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کا خاتمہ کرانے کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے ماہ مبارک رمضان کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ مہینہ استقامت، فداکاری اور اخوت و رواداری کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام اس مہینے میں قرب الہی اور اس پرفیض مہینے کے فیوضات و برکات سے بہرہ مند ہونے کے ساتھ ہی غریبوں، ناداروں اور مسکینوں کی بھی مدد کرے۔
آصف علی زرداری نے پاکستان کے داخلی بحرانوں کے حل اور اس ملک کی ترقی کے لئے اور اسی طرح عالم اسلام کی سربلندی کے لئے دعا کی اور کہا کہ اس ماہ میں ہمیں فلسطین کی مظلوم قوم کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عالم اسلام کے حکمرانوں سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطینیوں کی نسل کشی روکے جانے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کے لئے اپنے مشترکہ اقدامات میں تیزی لائيں۔ غزہ کے مسلمانوں نے ماہ مبارک رمضان کے مقدس مہینے کا آغاز ایسی حالت میں کیا ہے کہ جارح صیہونی حکومت کے حملوں کے سبب، ان کو انسانی المیے، محاصرے، غذائی اشیا کی قلت اور تباہ شدہ مسجدوں کے مسائل کا سامنا ہے۔

ٹیگس