Mar ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۴:۵۶ Asia/Tehran
  • اسلام آباد کابل کے ساتھ تصادم نہیں چاہتا: خواجہ آصف

پاکستان کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اسلام آباد کابل کے ساتھ تصادم نہیں چاہتا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے غیر ملکی میڈیا سے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ کسی بھی قسم کا تصادم نہيں چاہتا۔ انھوں نے افغانستان کے اندر پاکستان کے حالیہ ‌فضائی حملے کے بارے میں کہا کہ اگر کابل حکومت اپنی سرزمین پر پاکستان مخالف دہشت گردوں کو روکنے میں ناکام رہے تو پاکستان کو ان دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے آپریشن کا حق حاصل ہے۔

انھوں نے کہا کہ سرحد پار سے پاکستان کے اندر دہشت گردی بڑھ گئی ہے جس کے پیش نظر افغانستان کے اندر دہشت گردوں کے خلاف اسٹرائک سے ہم نے افغانستان کی طالبان انتظامیہ کو یہ پیغام دینا چاہا ہے کہ ہم اس طرح ساتھ نہیں چل سکتے۔

پاکستان کے وزیر دفاع نے کہا کہ اسلام آباد اس راہداری کو بند کرسکتا ہے جو کابل کو ہندوستان کے ساتھ تجارت کے لئے فراہم کی گئی ہے۔

اسی کے ساتھ پاکستان کے دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ اٹھارہ مارچ کو افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی خود مختاری کی احترام کرتا ہے اور افغان شہریوں پر کوئی حملہ نہیں کیا گیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ہم افغانستان کے ساتھ مسائل کوبات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں لیکن اپنی سرزمین پر دہشت گردانہ کارروائیاں ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔

ٹیگس