Apr ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۴:۳۹ Asia/Tehran
  • پاکستان میں سب سے بڑا بحران نفرت پیدا کرنے کا ہے: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی

پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی بلامقابلہ چیئرمین سینیٹ اور مسلم لیگ ن کے سیدال خان ناصر بلامقابلہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہو گئے ہیں اور دونوں نے اپنے عہدوں کا حلف بھی اٹھا لیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: بلا مقابلہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے بعد سینیٹ سے اپنے پہلے خطاب میں نو منتخب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میرا مقصد ہے پل بناؤں اور ڈائیلاگ کراؤں، سینیٹ اور ارکان کے وقار پر کبھی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ سینیٹ وفاق کے اتحاد کا مظاہرہ کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بہت بحران ہے، سب سے زیادہ بڑا بحران نفرت اور تقسیم پیدا کرنا ہے۔

نو منتخب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کو مسترد کیا اور مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا۔

واضح رہے کہ آج پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی بلامقابلہ چیئرمین سینیٹ اور مسلم لیگ ن کے سیدال خان ناصر بلامقابلہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہو گئے ہیں اور دونوں نے اپنے عہدوں کا حلف بھی اٹھا لیا۔

چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدواریوسف رضا گیلانی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے حکومتی اتحاد کے امیدوار سیدال خان ناصرنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ دونوں امیدواروں کے مقابلے میں کسی نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔

بعد ازاں پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی اور (ن) لیگ کے سردار سیدال خان بلا مقابلہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوگئے۔

پریزائیڈنگ افسر اسحاق ڈار نے یوسف رضا گیلانی سے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد یوسف رضا گیلانی نے اپنی نشست سنبھال لی اور ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر سے حلف لیا۔

ٹیگس