اسحاق ڈار پاکستان کے نائب وزیر اعظم بن گئے
وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایسے میں نائب وزیر اعظم بن گئے جب وہ اس ملک کے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کردیا۔ کابینہ ڈویژن نے اسحاق ڈار کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
حکومت پاکستان کے کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کو تاحکم ثانی فوری طور پر نائب وزیر اعظم مقرر کردیا ہے۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ نائب وزیراعظم اب وزیر خارجہ کی ذمے داریاں بھی انجام دیں گے یا حکومت کسی اور کو وزیر خارجہ کا منصب سونپے گی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اہم شخصیت اور میاں نواز شریف کے قریبی تصور کیے جانے والے اسحٰق ڈار 2002 سے پارٹی کے عالمی امور کی نگرانی کرتے آ رہے ہیں ۔
4 بار رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہونے کے علاوہ، وہ متعدد بار سینیٹ کے رکن بھی منتخب کیے جاچکے ہیں اور زیادہ تر انہیں سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر کا منصب سونپا گیا۔
وفاقی وزیر کی ذمہ داریاں سونپے جانے سے قبل وہ 93-1992 کے دوران وزیرِ مملکت / پاکستان انویسٹمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکیٹو بھی رہے۔
سن 2008 میں وہ مختصر مدت کے لیے وفاقی وزیرِ خزانہ رہے مگر جب ان کی جماعت نے وفاق میں پی پی پی کی سربراہی میں قائم مخلوط حکومت سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا تو اسحٰق ڈار نے عہدے سے استعفٰی دے دیا تھا۔
جب 2013 میں مسلم لیگ(ن) دوبارہ اقتدار میں آئی تو وزیر خزانہ کے عہدے کے لیے قرعہ فال ایک بار پھر اسحٰق ڈار کے نام نکلا اور پھر 2022 میں اتحادیوں نے جب عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے ذریعے دوبارہ حکومت سنبھالی تو چند ماہ اقتصادی امور کی نگرانی کرنے والے مفتاح اسمٰعیل کی جگہ ملک کی وزارت خزانہ کی ذمے داریاں دوبارہ اسحٰق ڈار کو سونپی گئی تھیں۔
اسحٰق ڈار متحدہ عرب امارات کے حکمراں خاندان کے ایک رکن کے مالیاتی مشیر بھی رہے چکے ہیں۔