بلوچستان: دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز میں فائرنگ، میجر اور3 دہشت گرد مارے گئے
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے علاقے ژوب میں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز میں فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر جاں بحق جبکہ تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے علاقے ژوب سمبازہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے تبادلے میں پاکستانی فوج کے میجر بابر خان جاں بحق ہو گئے۔
فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دوسرے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور بلوچستان کے وزیر اعلی سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر افواج پاکستان کے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔