May ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۸:۴۳ Asia/Tehran
  • چوہدری پرویز الہیٰ جیل سے رہا، حماد اظہر کی روپوشی ختم

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کو کئی ماہ کی قید کے بعد جیل سے رہا کردیا گیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: کوٹ لکھپت جیل کی انتظامیہ نے پرویز الہیٰ کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کے خلاف چار کیسز درج تھے، جس میں ضمانت ہونے کے بعد انہیں رہا کیا گیا ہے۔

پرویز الہی کو کچھ عرصہ قبل اڈیالہ سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا، اُن کے خلاف پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتی سمیت دیگر کیسز تھے۔

ذرائع کے مطابق پرویز الہیٰ جیل سے رہائی کے بعد ظہور حسین پیلس پہنچ گئے ہیں۔ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری پرویز الہیٰ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ اللہ نے مجھے سرخرو کیا جس پر میں اُس کا شکر ادا کرتا ہوں۔

سابق وزیر اعلیٰ نے دعوی کیا کہ مجھے پکڑوانے میں اور میرے ساتھ زیادتی کرنے میں اہم کردار محسن نقوی کا رہا ہے، میں عمران خان کے ساتھ تھا، ہوں اور انشاء اللہ رہوں گا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے روپوشی ختم کردی اور پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ پہنچ گئے۔

اس سلسلے میں حماد اظہر کا کہنا تھا کہ کل مجھے بانی پی ٹی آئی کا پیغام ملا کہ اب آپ کے باہر آنے کا وقت ہوگیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مراد سعید سمیت اب تمام روپوش رہنما باہر آئیں گے۔

ٹیگس