Jul ۰۳, ۲۰۲۴ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • پاکستان: باجوڑ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں جاں بحق

باجوڑ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں سابق سینیٹر سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ملاکنڈ ڈویژن کے ضلع باجوڑ کے علاقہ ڈمہ ڈولہ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ کے ساتھ ساتھ ملک عرفان اور نظر دین بھی جاں بحق ہو گئے۔

دھماکے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

ریجنل پولیس آفیسر محمد علی گنڈاپور نے بتایا کہ ہدایت اللہ کی گاڑی کو ڈمہ ڈولہ میں ریموٹ کنٹرول بم سے ٹارگٹ کیا گیا جس کے نتیجے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے لے لینے کے بعد لاشیں ہسپتال منتقل کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

سابق سینیٹر ہدایت اللہ اپنے بھتیجے اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے۔22 سے آزاد امیدوار نجیب اللہ کی الیکشن مہم کے لیے ڈمہ ڈولہ گئے تھے۔

سابق سینیٹر ہدایت اللہ خیبرپختونخوا کے سابق گورنر شوکت اللہ کے بھائی اور سابق رکن قومی اسمبلی حاجی بسم اللہ خان کے بیٹے تھے۔

ٹیگس