پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 7 ارب ڈالر قرض کا اسٹاف لیول معاہدہ
عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان سات ارب ڈالر قرض کا اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے۔ قرض پروگرام کی مالیت سات ارب ڈالر ہے جو پاکستان کو سینتیس ماہ کے طویل عرصے میں ملیں گے۔
سحر نیوز/ پاکستان: رپورٹ کے مطابق اسٹاف سطح کے طے پانے والے معاہدے کی آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری لی جائے گی جب کہ عالمی مالیاتی فنڈ نے اس سلسلے میں اپنا اعلامیہ بھی جاری کردیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیا قرض پروگرام پاکستان کو میکرو اکنامک استحکام و مضبوطی، مزید جامع اور لچکدار ترقی کے لیے حالات پیدا کرنے کے قابل بنائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹیکس کا دائرہ کار بڑھائے گا، ٹیکس چھوٹ ختم کرے گا ۔ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں منصفانہ اضافہ کیا جائے گا، زراعت، ریٹیل اور ایکسپورٹ سیکٹرز کو باقاعدہ ٹیکس نیٹ میں لانا ہو گا۔
بیان کے مطابق صوبے اپنے ٹیکس محصولات بڑھانے کے لیے اقدامات کریں گے، صوبے زرعی انکم ٹیکس اور خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی کے لیے اقدامات کریں گے، تمام صوبے قانون سازی کے ذریعے زرعی انکم ٹیکس پرعمل درآمد پر متفق ہیں۔