Jul ۱۵, ۲۰۲۴ ۱۸:۵۵ Asia/Tehran
  • تحریک انصاف پر پابندی عائد کرنا بچوں کا کھیل نہیں:  پی ٹی آئی

وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے فیصلے پرماہرین قانون نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو تحلیل کرنے کا اختیار سپریم کورٹ آف پاکستان کے پاس ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی وزیر کا اعلان سپریم کورٹ کے فیصلے کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ پی ڈی ایم بلے کا نشان لینے کی سازش کا حصہ تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، شبلی فراز اور دیگر نے پریس کانفرنس میں میں کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنا بچوں کا کھیل نہیں ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اعلان ہوا ہے کہ پی ٹی آئی پر بابندی لگائی جائے گی ہم اس بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ سراسر سپریم کورٹ کی توہین ہے  کیوں کہ سپریم کورٹ نے ہمیں ریلیف دیا ہے، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ یہ پی ٹی آئی کا حق ہے جو انہیں ملا ہے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ سب سے پہلے سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو ایک پارٹی ڈکلئیر کیا ، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی پارٹی تھی اور ہے، آج جو پریس کانفرنس ہوئی ہے وہ ان کی خواہشات ہوسکتی ہیں، یہ جو فارم 47 کی حکومت ہے یہ اقلیتی حکومت ہے، ہم پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے ڈیمانڈ کرتے ہیں کہ وہ صاف صاف میدان میں آ کر کہیں کہ کیا وہ ن لیگ کے اس بیان کی حمایت کرتے ہیں؟ یہ انہیں صاف صاف بتانا پڑے گا۔

اپوزیشن لیڈر سینیٹ شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اس ملک کی سب سے بڑی اور مشہور جماعت ہے اور عمران خان اس ملک کے سب سے پاپولر لیڈر ہیں یہ وہ جماعت ہے جو قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت ہے یہ وہ جماعت ہے جو سینیٹ میں سب سے بڑی پارلیمانی جماعت ہے یہ پنجاب میں دوسری بڑی جماعت ہے، کٹھ پتلی حکومت کے وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس دراصل چھوٹا منہ اور بڑی بات ہے، پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنا بچوں کا کھیل نہیں ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے فیصلے سے متعلق ماہرین قانون نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو تحلیل کرنے کا اختیار سپریم کورٹ آف پاکستان کے پاس ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے، اور حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹیگس