Jul ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۰:۵۰ Asia/Tehran
  • اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج، کون کون سے راستے بند ہیں؟

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جماعت اسلامی کے احتجاج کے پیش نظر حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ریڈ زون کو سیل کرنا شروع کردیا۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آج ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے جبکہ جماعت اسلامی نے بھی مہنگائی اور بجلی کی زائد قیمتوں کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ عمران خان نے سب کو یہ پیغام دیا کہ کل کی جو کال تحریک تحفظ آئین نے دی ہے اس کو کامیاب بنائیں، پر امن احتجاج کریں، ہمارے احتجاج ہمیشہ پر امن رہے ہیں۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26جولائی کو جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں دھرنا ہوگا اور جماعت اسلامی 25 کروڑ عوام کا مقدمہ لڑے گی۔ دوسری جانب اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ریڈ زون کو سیل کردیا ہے۔ ریڈ زون کو سیل کرنے کے لیے اسلام آباد کے نادرا چوک، سرینا چوک، ایکس پریس چوک پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ سے کسی احتجاج کی اجازت نہیں۔

ٹیگس