Aug ۰۴, ۲۰۲۴ ۱۹:۰۱ Asia/Tehran
  • پاراچنار میں شیعہ مسلمانوں کے قتل عام پر ایران کے بزرگ علما‎ء نے کیا غم و غصہ کا اظہار، آیت اللہ نوری ہمدانی نے پاکستان حکومت سے کیا ایک خاص مطالبہ

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے کرم میں واقع پارہ چنار میں تکفیری اوی سلفی دہشتگردوں کے ذریعے مسلسل شیعہ مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ جس کے نتیجے میں بہت بڑی تعداد میں شیعہ مسلمان شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے مقدس شہر قم میں واقع مرجع تقلید آیت اللہ حسین نوری ہمدانی کے دفتر نے ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ مرجع تقلید آیت اللہ حسین نوری ہمدانی نے پاکستان کے شہر پاراچنار میں مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتی حکام اس مسئلے کی پیروی کریں تاکہ حکومت پاکستان انتہا پسند سلفیوں کی جانب سے اہل بیت (ع) کے پیروکاروں کے حقوق پائمال کرنے کی روک تھام کرے۔ آیت اللہ نوری ہمدانی کے دفتر کے مطابق، اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے علاقے پاراچنار میں بے گناہ افراد کا قتل انتہائی افسوسناک ہے۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہم سب پر اس مسئلے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور ہمیں اس جرم کے خلاف شدید احتجاج کرنا چاہیے۔ پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتی حکام کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس مسئلے کی پیروی کریں تاکہ حکومت پاکستان انتہا پسند سلفیوں کی اس تحریک کو روکے اور اہل بیت علیہم السلام کے پیروکاروں کے حقوق کا احترام کرتے ہوئے جرم کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے۔

حوزہ علمیہ قم کے ڈائریکٹر نے بھی پاکستان کے علاقے پاراچنار میں مسلمان بھائیوں اور اہل بیت (ع) کے پیروکاروں کو شہید اور زخمی کرنے پر انتہا پسند اور تکفیری گروہوں کی دہشت گردانہ کارروائی کی مذمت کی۔ آیت اللہ علیرضا اعرافی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے شیعہ آبادی والے علاقے پاراچنار میں انتہا پسند اور تکفیری عناصر کے ہاتھوں مسلمان بھائیوں کی شہادت اور زخمی ہونے کی خبر انتہائی غم انگیز اور دردناک ہے۔ اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ تکفیری اور انتہا پسند گروہ صیہونی حکومت کے ساتھ مل کر امت مسلمہ کے خلاف سازشیں اور جرائم کا ارتکاب کرتے ہیں۔ اسلام سے لاتعلق اور بیگانہ ان جاہل گروہوں کے منظم جرائم کو ہمیشہ استکباری حکومتوں اور مجرم صیہونی حکومت کی حمایت حاصل رہی ہے۔

 

ٹیگس