Aug ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
  • عمران خان 9 مئی کے واقعات پر مشروط معافی مانگنے پر تیار

پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 9 مئی کے واقعات پر مشروط معافی مانگنے کا اعلان کردیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پہلے 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز لائی جائیں، اگر پی ٹی آئی کے لوگ 9 مئی واقعات میں ملوث پائے گئے تو معافی بھی مانگوں گا، ان کو پارٹی سے نکالوں گا اور سزا بھی دلواؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ ثبوت آپ کے پاس ہیں، کیوں چھپا رہے ہیں ثبوت چھپانا جرم ہے، پیٹرول بم ہم نے صرف زمان پارک لاہور میں استعمال کیے تھے اور کہیں نہیں، اگر کوئی تنظیمی عہدے دار حساس عمارتوں پر پٹرول بم پھینکنے میں ملوث ہے تو اسے کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔

عمران خان نے کہا کہ کیا صرف آئی ایس پی آر کی عزت ہے، پاکستان اور عالمی سطح پر مقبول ترین شخص کی کوئی عزت نہیں، مجھے رینجرز نے گھسیٹا، کیا آپ کا حق نہیں کہ آپ مجھ سے معافی مانگیں، معافی وہ مانگتا ہے جس نے کوئی غلطی کی ہو، میں نے کوئی غلطی نہیں کی ، انہوں نے پرامن احتجاج کو دہشت گردی بنا دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے 9 مئی سے متعلق مؤقف پر قائم رہنے کے سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم بھی 9 مئی کو معاف نہیں کریں گے، ہمارے لوگوں پر تشدد کیا گیا پارٹی کو الیکشن نہیں لڑنے دیا گیا، نو مئی کے متاثرین ہم ہیں ہمیں انصاف چاہیے، قاضی فائز عیسی نے ہمیں کچلنے کا پورا موقع دیا۔

ٹیگس