اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے پاکستان کے جشن آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئیں
پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے پاکستان کے جشن آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئی اور پوری دنیا اسرائیلی جارحیت پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اقلیتوں کے دن کے حوالے سے لاہور میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اپنی فوج کے ساتھ ملکر فلسطینیوں پر ظلم ڈھا رہے ہیں اور کل فجر کے وقت ایک اسکول میں نہتے مسلمانوں پر بمباری کی گئی جس میں وہاں بچوں اور عورتوں سمیت سو سے زائد شہید ہوگئے، اور ان پر دن رات یہ آگ برس رہی ہے لیکن پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو عالمی ادارے امن کے قیام کے لیے معرض وجود میں آئے تھے وہ صرف قرارداد پاس کرتے ہیں لیکن اس کی ردی برابر بھی وقعت نہیں ہے- اسرائیلی جارحیت پر صرف لفاظی سے کام لیا جاتا ہے لیکن اس سے آگے کچھ نہیں کیا جاتا، دنیا کی تاریخ میں اس سے بدترین ظلم و زیادتی کی کوئی اور مثال نہیں ملتی ۔