Sep ۰۱, ۲۰۲۴ ۱۸:۱۸ Asia/Tehran
  • پاکستان اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ

پاکستان اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ جاری ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: تیسرے دن کے اختتام تک پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 9 رنز بنالیے، اسے مہمان ٹیم پر 21 رنز کی برتری حاصل ہے۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیشی بیٹرز 26 رنز پر 6 وکٹیں گنوانے کے باوجود 262 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ لٹن داس نے 138 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن لٹن داس نے شاندار سنچری بنا کر بنگلادیش کو مشکل صورتحال سے نکالا، پاکستان کی پہلی اننگز کے 274 رنز کے جواب میں بنگلادیش کی 6 وکٹیں صرف 26 رنز پر گر گئی تھیں۔

6 وکٹیں گرنے کے بعد مہدی حسن اور لٹن داس کے درمیان 165رنز کی میچ سیونگ پارٹنرشپ ہوئی۔ مہدی حسن میراز 78 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ لٹن داس نے 4 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 138 رنز بنائے، وہ آغا سلمان کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 اور میر حمزہ نے 2 وکٹیں لیں۔

دوسری اننگز میں بھی پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا، گزشتہ اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے عبداللہ شفیق اس مرتبہ 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

نائٹ واچ مین کے طور پر بیٹنگ کےلیے آنے والے خرم شہزاد دوسری اننگز میں پاکستان کے آؤٹ ہونے والے دوسرے اور آج کے دن کے آخری کھلاڑی تھے، وہ کوئی رن نہ بناسکے۔

دونوں ہی پاکستانی بلے بازوں کو حسن محمود نے آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 58، کپتان شان مسعود نے 57 اور سلمان علی آغا نے 54 رنز بنائے۔

بنگلادیش کی طرف سے مہدی حسن میراج نے 5 وکٹیں لیں، تسکین احمد نے 3 جبکہ شکیب الحسن اور ناہید رانا نے ایک ایک آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو بنگال ٹائیگرز نے 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ٹیگس