Sep ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۰:۴۷ Asia/Tehran
  • پاکستان: دہشت گردوں کا راکٹ اور دستی بموں سے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، 2 اہلکار زخمی

تھانہ عیسی خیل میانوالی کی قبول خیل پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جسے پنجاب پولیس نے ناکام بنا دیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے پنجاب کے ضلع میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے راکٹ اور دستی بموں سے حملہ کیا جس کے نتیجے می دو اہلکار زخمی ہو گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 12 سے 14 دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر قبول خیل چیک پوسٹ پر راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈز سے حملہ کیا۔

چیک پوسٹ پر تعینات پنجاب پولیس کے اہلکار الرٹ تھے، شدید جوابی فائرنگ کے نتیجے میں بزدل دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے میں چیک پوسٹ پر تعینات 2 اہلکار گولی لگنے سے زخمی ہو گئے، دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مفرور دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچنے کے امکانات ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ میں پنجاب پولیس پر دہشت گردوں کا یہ 9 واں حملہ ہے جو ناکام بنایا گیا، پنجاب پولیس بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے میانوالی میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو شاباش دی ہے۔

ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے ایک بار پھردہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ تھانہ عیسیٰ خیل کی چیک پوسٹ پر تعینات پولیس کے جوانوں نے 14 خارجیوں کا مقابلہ کیا۔

ٹیگس