Sep ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۱:۴۱ Asia/Tehran
  • مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ اور تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے: پاکستان

پاکستان نے ہندوستان کے وزیر خارجہ کے کشمیر کے بارے میں بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جموں و کشمیر تنازعہ کے یکطرفہ حل سے متعلق کسی بھی بیانیے کو مسترد کرتا ہے۔ ایسے دعوے گمراہ کن اور زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔

واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیر خارجہ جے شنکر نے نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مستقل بات چیت کا دور ختم ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک بات جموں و کشمیر کے مسئلے کی ہے تو وہ آرٹیکل تین سو ستر نے ختم کر دیا ہے اب سوال یہ ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ کس قسم کے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں ۔ ہندوستان کے وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے نہیں رہیں گے۔ معاملات چاہے مثبت سمت میں جائيں یا منفی سمت میں ، ہم ردعمل دیں گے۔

ٹیگس