لبنان میں سائبر حملے تشویشناک ہیں پاکستان ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ لبنان میں سائبر حملے تشویشناک ہیں، پاکستان ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔
سحرنیوز/ پاکستان: پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں لبنان میں ہونے والے دھماکوں پر کہا کہ پاکستان، لبنان میں حالیہ حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے اور پاکستان لبنان کی خود مختاری اور سلامتی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیل کی مہم جوئی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں پر اسرائیل سے جواب طلب کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے79ویں اجلاس میں شرکت کریں گے، غزہ میں اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق سیز فائر ہونا چاہیے، پاکستان غزہ میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں نام نہاد انتخابات ناقابل قبول ہیں، پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل چاہتا ہے، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔