Sep ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۳:۳۳ Asia/Tehran
  • تحریک انصاف قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی حقدار ہے: سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ

سپریم کورٹ آف پاکستان کے اکثریتی ججز نے پاکستان تحریک انصاف کے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی حقدار ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: 70صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جسٹس منصورعلی شاہ نے تحریر کیا جس میں پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا یکم مارچ کا فیصلہ آئین سے متصادم ہے جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو ریلیف دینے پر وضاحت بھی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ عام طور پر عدالت یہ کرتی کہ پہلے پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتی پھر ریلیف دیتی، لیکن عدالت اس طریقہ کار میں اس وقت نہیں پڑتی جب عوام کے ووٹر کا تحفظ اور آرٹیکل 17 کی شق دو اور آرٹیکل 19 کا معاملہ ہو، ایسے وقت میں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہمارے سامنے سنی اتحاد کونسل تھی یا پی ٹی آئی یا کوئی اور سیاسی جماعت۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کے رویے پر بھی حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن بنیادی فریق مخالف کے طور پر کیس لڑتا رہا، حالانکہ اس کا بنیادی کام صاف شفاف انتخابات کرانا ہے، الیکشن کمیشن ملک میں جمہوری عمل کا ضامن اور حکومت کا چوتھا ستون ہے اور وہ فروری 2024 میں اپنا یہ کردار ادا کرنے میں ناکام رہا۔

یاد رہے کہ 12 جولائی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا تھا۔

 

ٹیگس