Sep ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۱:۲۶ Asia/Tehran
  • فلسطینی بچے زندہ دفن ہو رہے ہیں، جل رہے ہیں اور دنیا تماشائی بنی ہوئی ہے: پاکستانی وزیراعظم

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں سالانہ اجلاس سے خطاب میں اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں نسل کشی پر مبنی جنگ اور یوکرین میں خطرناک لڑائی جاری ہے، ہم فلسطین کی مقدس سرزمین پر ایک بڑا المیہ رونما ہوتے دیکھ رہے ہیں، فلسطینی بچے زندہ دفن ہو رہے ہیں، جل رہے ہیں اور دنیا تماشائی بنی ہوئی ہے۔

پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج، ہمیں عالمی سطح پر انتہائی خطرناک چیلنجز کا سامنا ہے، ایک طرف غزہ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے، دوسری طرف یوکرین میں ایک خطرناک تنازع موجود ہے جبکہ افریقا اور ایشیا میں تباہ کن تنازعات، بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی؛ دہشت گردی، تیزی سے بڑھتی ہوئی غربت اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے ساتھ بھاری قرض جیسے عوامل ہیں، جس کے باعث دنیا اب ایک نئی سرد جنگ میں داخل ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے لوگوں کی حالت زار پر پاکستانی عوام کے دکھ اور درد کا اظہار کرنے کے لیے آپ کے سامنے کھڑا ہوں، فلسطینیوں پر جاری مظالم پر ہمارے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں، ارض مقدس میں ایک سانحہ جاری ہے جس نے انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ غزہ میں جاری مظالم پر کیا ہم بحیثیت انسان خاموش رہ سکتے ہیں؟ جب کہ بچے اپنے گھروں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہوں؟ کیا ہم ان ماؤں کیلیے آنکھیں بند کر سکتے ہیں، جو اپنے بچوں کے بے جان جسموں کو جھونک رہی ہیں؟

وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں جاری مظالم صرف تنازع نہیں بلکہ یہ معصوم لوگوں کا منظم قتل اور نسل کشی ہے، غزہ کے بچوں کے خون سے نہ صرف ظالموں بلکہ اُن لوگوں کے ہاتھ بھی رنگے ہوئے ہیں جو اس ظلم کے تنازعے پر خاموش اور اسرائیل کے شراکت دار ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہم ان باتوں کو نظر انداز کرتے ہیں تو پھر اس کا مطلب ہے کہ ہمارے اندر انسانیت ختم ہوگئی ہے، غزہ کے مظالم کی صرف مذمت کافی نہیں بلکہ اب آگے بڑھ کر اس خونریزی کو ہمیں روکنا اور عمل کرنا ہوگا۔ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ بے گناہ فلسطینیوں کا خون اور قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ تین روز سے جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس میں عالمی رہنماؤں کی جانب سے فلسطین میں جاری بربریت کی مذمت کی گئی اور اسرائیلی مظالم کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔

ٹیگس