خطے میں کشیدگی کی اصلی وجہ اسرائیلی حکومت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات ہیں، ممتاز زہرا بلوچ
پاکستان نے صیہونی حکومت کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کے میزائل آپریشن کے بعد مشرق وسطی میں کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے حل پر زور دیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں نسل کشی اور لبنان کے خلاف جارحیت کا سلسلہ جاری رکھ کر خطے کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے حالیہ مہینوں میں بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی مسلسل خلاف ورزی کی ہے جس کی وجہ سے شدید انسانی بحران پیدا ہوا ہے۔ اس بیان میں زور دیا گيا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں جاری نسل کشی سے خطے کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور لبنان پر حالیہ جارحیت نے کشیدگی میں مزید شدت پیدا کر دی ہے اور بے گناہ شہریوں کی زندگیوں کو متاثر کیا ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ فلسطین، لبنان اور پورے خطے کے عوام خوف و تشدد سے آزاد زندگی گزارنے کے مستحق ہیں، اس لیے تمام فریقوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ تباہی کے دہانے سے پیچھے ہٹ جائیں۔
بیان میں کہا گيا ہے کہ پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ جارح کو سزا سے استثنی دینے اور بین الاقوامی قوانین کو نظر انداز کئے جانے کی روایت ختم ہونی چاہیے اور سلامتی کونسل سے پاکستان کا مطالبہ ہے کہ وہ علاقے میں امن وپائيداری، لبنان کے اقتدار اعلی کے تحفظ اور غزہ کے بحران کے خاتمے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے۔