Oct ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۲:۱۹ Asia/Tehran
  • خیبرپختونخوا: مسلح افراد کا پولیس وین پر حملہ 5 پولیس اہلکار جاں بحق و زخمی

پاکستان کے صوبےخیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں مسلح افراد کے پولیس وین پر حملے میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق اور زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پولیس کے مطابق ٹانک کے علاقے تھانہ ایس ایم اے کی حدود پٹھان کوٹ کے قریب پولیس وین معمول کے گشت پر تھی کہ نا معلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔

حملے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور 3 اہلکار زخمی ہوگئے، زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے قریبی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ٹانک منتقل کر دیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے پوری قوم یکسو ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کی تحصیل میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 7 ایف سی اہلکار جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے تھے۔

ٹیگس