مستونگ میں دھماکہ درجنوں افراد جاں بحق و زخمی
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر مستونگ میں بم دھماکے میں درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔
سحر ینوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق دھماکہ مستونگ شہر کے سول اسپتال چوک گرلز ہائی اسکول کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں پانچ اسکولی بچے، ایک پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر شامل ہے جبکہ زخمیوں میں بھی زیادہ تر اسکول کے بچے ہیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں دس سے تیرہ سال کے درمیان ہیں، ریموٹ کنٹرول دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا۔ بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دھماکے سے پولیس کی ایک گاڑی بھی تباہ ہوئی ہے۔
بم دھماکے میں چوک پر موجود دیگر گاڑیوں اور رکشوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفرازبگٹی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستونگ میں اسکول پر دھماکا تعلیم دشمنی کا ثبوت ہے، دہشتگرد ایسے حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔