Nov ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۷:۴۹ Asia/Tehran
  • عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی نومئی کے چار مقدمات میں ضمانتیں منظور کر لیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق عمران خان کی نو مئی کے چار مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی، اے ٹی سی جج ارشد جاوید نے درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی چار مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

رپورٹ کے مطابق عمران خان کی مسلم لیگ (ن) کا آفس جلانے اور کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے سمیت دیگر مقدمات میں ضمانتیں منظور ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس نو مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذرآتش کیا گیا جب کہ اس دوران کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے۔ راولپنڈی میں جی ایچ کیو اورلاہور میں کور کمانڈر ہاؤس پر بھی حملہ کیا گيا تھا۔

ٹیگس