پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات؟
حامد رضا کی مذاکرات کی تصدیق کے فورا بعد بیرسٹر گوہر کی تردید آگئی ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا باضابطہ آغاز آج ہو گا جبکہ پی ٹی آئی کی 5 رکنی کمیٹی حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کرے گی۔
حامد رضا نے مزید کہا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی کا حصہ ہوں، کمیٹی کی کارروائی کو خفیہ رکھنا میری امانت ہے۔
بعدازاں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ترید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان آج سے مذاکرات شروع نہیں ہورہے ہیں، ہم کوشش کررہے ہیں کہ مذاکرات شروع ہوں، حکومت نے مذاکرات کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ حالیہ چند ماہ کے دوران متعدد مرتبہ حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین کئی سیاسی معاملات پر مذاکرات کی خبریں زیر گردش رہیں لیکن کسی نے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی تھی۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کو ایوان میں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ اچھا ہوا کہ انہوں پارلیمانی جمہوریت کے حسن میں اضافہ کرتے ہوئے لشکر کشی چھوڑ کر پارلیمان میں آنے کو ترجیح دی اور یہاں پر بات کرنا شروع کی۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ بھی اسی چیز کا دیا ہے کہ ہم ایک دوسرے کی بات سنیں اور سمجھائیں، یہاں بات زیادہ بہتر طریقے سے پہنچتی ہے کیونکہ باہر تو دونوں طرف سے غلیلیں چل رہی ہوتی ہیں اور بہت کچھ ہورہا ہوتا ہے اور یہاں ہم منطق سے بات کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے سمجھانے کی کوشش کرتے ہیں۔