پاکستان: ضلع کُرم میں قیام امن کیلئے فریقین کے درمیان معاہدہ طے پانے کا امکان
Dec ۳۱, ۲۰۲۴ ۱۲:۳۳ Asia/Tehran
پاکستان کے صوبۂ خيبر پختونخواہ میں واقع ضلع کُرم میں آج کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں گرینڈ جرگہ ہوگا جس میں فریقین کے درمیان امن کا معاہدہ طے پانے کا امکان پایا جاتا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق معاہدے پر دستخط کرنے والے ایک فریق کے مشران کئی دن سے کوہاٹ میں موجود ہیں جبکہ مزید 2 دن کی مہلت مانگنے والے فریق کے مشران بھی آج کوہاٹ پہنچ رہے ہیں۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ فریقین میں عمومی اتفاقِ رائے ہوچکا ہے۔ امن معاہدے میں بنکرز کا خاتمہ، فریقین کی بھاری اسلحے سے دست برداری شامل ہے جبکہ ٹل پارہ چنار روڈ پر نقل حرکت کانوائے کی صورت میں ہوگی، دہشتگردی کا واقعہ ہونے کی صورت میں صرف حکومت ہی کارروائی کرے گی۔
واضح رہے کہ تقریباً 3 ماہ سے ٹل پارہ چنار شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے پارہ چنار میں غذا اور ادویات کی کمی کی وجہ سے حالات انتہائی تشویشناک ہیں۔
راستے کی بندش کے خلاف پارہ چنار سمیت پشاور، لاہور، کراچی، جھنگ ،ملتان ، مظفر آباد اور گلگت میں دھرنے دیے جارہے ہیں۔